Friday, April 19, 2024

ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان بارے آوٴٹ لک رپورٹ جاری

ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان بارے آوٴٹ لک رپورٹ جاری
April 6, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان بارے آوٴٹ لک رپورٹ جاری کر دی۔ پاکستان کی شرح نمو رواں سال 4 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بنک کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ مالی سال میں اقتصادی بحالی اور سخت مالیاتی پالیسیوں سے بہتری آئی۔ کرنٹ اکاوٴنٹ خسارہ کم کرنے کے بھی مثبت نتائج ریکارڈ کئے گئے۔

آوٹ لک رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ  زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور افراط زر کم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ موثر اقدامات سے 2023ء میں شرح نمو 4.5 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق زراعت کا شعبہ جی ڈی پی بڑھانے کیلئے مثبت اشارے دے رہا ہے۔ افراط زر کی شرح مالی سال 2022 ء میں 11 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے تاہم  روپے کی قدر میں کمی تیل اور گیس کی بڑھتی قیمتیں افراط زر پر دباوٴ بڑھائیں گی۔

ایشیائی ترقیاتی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ٹیکس پالیسی اور انتظامی امور میں جامع اصلاحات بیحد ضروری ہیں۔ عوامی خدمات کو فنڈز فراہم کرنے کے لئے محصولات کو بڑھایا جائے۔ اے ڈی بی پاکستان کی پائیدار ترقی کی حمایت کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔