Tuesday, April 23, 2024

ایشیاء کی سب سے بڑی فوجی مشقیں ’’کوبرا گولڈ‘‘ تھائی لینڈ میں شروع

ایشیاء کی سب سے بڑی فوجی مشقیں ’’کوبرا گولڈ‘‘ تھائی لینڈ میں شروع
March 4, 2023 ویب ڈیسک

بینکاک (92 نیوز) - ایشیاء کی سب سے بڑی فوجی مشقیں، ’’کوبرا گولڈ‘‘ تھائی لینڈ میں شروع ہوگئیں، ان فوجی مشقوں میں 30 ممالک کے 7 ہزار سے زائد فوجی حصہ لیں گے۔

ایشیاء کی سب سے بڑی فوجی مشقیں، ’’کوبرا گولڈ‘‘ تھائی لینڈ میں شروع ہوگئیں۔ مشقوں کے انعقاد کے لیے تھائی لینڈ امریکا اور دیگر درجنوں ممالک کے 7 ہزار سے زیادہ فوجیوں کی میزبانی کر رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی فوج کے انڈو پیسیفک فرنٹ کے کمانڈر جنرل جان اکیلینو نے بتایا کہ کوویڈ 19 کی وباء کی وجہ سے اس مشق کو معطل کرنے کے بعد، اس سال کی مشقیں تقریباً 6000 امریکی فوجیوں اور دوسرے ممالک کے ایک ہزار سے زائد فوجیوں کی موجودگی میں منعقد کی جارہی ہیں۔

امریکی جنرل نے مزید کہا کہ 10 مارچ تک جاری رہنے والی یہ مشترکہ مشقیں ظاہر کرتی ہے کہ کس طرح مشترکہ ردعمل ایک کھلے اور آزاد خطے کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا تاکہ تمام ممالک امن، استحکام اور خودمختاری کو برقرار رکھ سکیں۔ بینکاک میں امریکی سفارتخانے نے اس بات پر زور دیا کہ اس سال کی مشقوں میں پہلی بار خلائی مشقوں کا انعقاد کیا جائے گا جس کا مقصد فوجی کارروائیوں پر شمسی طوفان کے اثرات کو سمجھنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق فوجی مشقوں میں تھائی لینڈ، امریکا اور جاپان کی فوجی اور سویلین خلائی ایجنسیاں موجود ہیں مشقوں کے تمام مراحل میں جاپان، سنگاپور، جنوبی کوریا، ملائیشیا اور انڈونیشیا جیسے ممالک موجود ہیں تاہم انسانی ہمدردی کی مشقوں میں چین، ہندوستان اور آسٹریلیا بھی شریک ہیں۔