ملتان (92 نیوز) - ایشیاء کپ 2023 کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیپال کو 238 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔
ملتان اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نوآموز نیپال کی ٹٰیم نے پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں محض 104 پر ہتھیار ڈال دیئے۔
نیپال کی وکٹیں سوکھے پتوں کی طرح وقفے وقفے سے گرتی رہیں، 8 کھلاڑی ڈبل فگر بھی عبور نہ کرسکے، سومپال کامی 28، عارف شکیل 26 اور گلشن جھا 13 رنز بناکر نمایاں رہے۔
کشال بھرٹیل 8، آصف شکیل 5، دیپندر سنگھ ایری 3، کشال مالا 6 رنز جبکہ سندیپ لامیچھانے، روہت پاوڈیل اور للت راج بنشی بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 4، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 2، 2 نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 342 رنز بنائے، پاکستان نے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں سب سے زیادہ رنز کا عالمی ریکارڈ بنا دیا۔ اس سے قبل پاکستان نے 2003 میں بنگلہ دیش کیخلاف تین وکٹوں کے نقصان پر 323 رنز بنائے تھے۔
قومی ٹیم کا آغاز مایوس کُن رہا، اوپنرز محض 25 رنز پر پویلین لوٹ گئے، فخر زمان 14 جبکہ امام الحق 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
کپتان بابر اعظم نے 131 گیندوں پر 14 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 151 رنز کی شاندار اننگ تراشی اور اس کے ساتھ ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا، سب سے کم اننگز میں 19 سنچریاں بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ بابر اعظم نے 102 اننگز میں 19 سنچریاں بنائیں۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ کے بیٹر ہاشم آملہ نے 104 اننگز میں 19 سنچریاں بنائیں تھیں۔
محمد رضوان 44، آغا سلمان 5 جبکہ شاداب خان 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، افتخار احمد جارحانہ اننگ کھیلتے ہوئے 71 گیندوں پر 11 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 109 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔
نیپال کی جانب سے سومپال کامی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کرن کے سی اور سندیپ لامیچھانے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کپتان قومی ٹیم بابر اعظم کو 151 رنز کی عمدہ اننگ کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔