Friday, May 3, 2024

ایشیا کپ 2022 کا افتتاحی میچ، افغانستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

ایشیا کپ 2022 کا افتتاحی میچ، افغانستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی
August 27, 2022 ویب ڈیسک

دبئی (92 نیوز) - ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2022 کے افتتاحی میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔

افغانستان نے 106 کا رنز کا ہدف 10 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر رحمن اللہ گرباز نے 18 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 40 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، ون ڈاؤن پوزیشن پر آنے والے بلے باز ابراہیم زدران 15 کے انفرادی سکور پر تھیکشنا کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔

افغانستان کے اوپنر حضرت اللہ ززئی نے 28 گیندوں پر 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 37 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ نجیب اللہ زدران ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے واحد وکٹ وینندو ہسرنگا ڈی سلوا نے حاصل کی۔

اس سے قبل افغانستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، افغان باؤلرز نے سری لنکن بلے بازون کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا، پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے بھانوکا راجا پاکسے 38 اور چمیکا کرونارتنے 31 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اوپنر پتھم نسانکا 3، کوشال مینڈس 2، دانوشکا گناتھیلاکا 17، وینندو ہسرنگا ڈی سلوا 2 رنز بناسکے۔

کپتان داسن شاناکا، چارتھ اسالنکا اور مہیش تھیکشنا بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے۔

افغانستان کی جانب سے فضل الحق فاروقی نے 3، مجیب الرحمان اور محمد بنی نے 2، 2 شکار کیے، نوین الحق نے ایک وکٹ حاصل کی۔