Friday, May 3, 2024

ایشیا کے امیر ترین بھارتی شہری گوتم اڈانی کی دولت میں 2 دن میں 20 ارب ڈالر کی کمی

ایشیا کے امیر ترین بھارتی شہری گوتم اڈانی کی دولت میں 2 دن میں 20 ارب ڈالر کی کمی
January 27, 2023 ویب ڈیسک

نیوجرسی (92 نیوز) - ایشیا کے امیر ترین بھارتی شہری گوتم اڈانی کی دولت میں 2 دن کے اندر 20 ارب ڈالر کی کمی واقع ہو گئی۔ دولت میں نمایاں کمی امریکی کمپنی کی جانب سے فراڈ سمیت دیگر سنگین الزامات عائد کیے جانے کے بعدآئی ہے۔

امریکی شارٹ سیلنگ کمپنی ہندن برگ کی رپورٹ کے مطابق اڈانی گروپ دہائیوں سے اسٹاک مارکیٹ میں ہیرا پھیری اور اکاؤنٹنگ فراڈ اسکیم میں ملوث ہے۔

رپورٹ میں متحدہ عرب امارات سمیت کئی ممالک میں اڈانی خاندان کی آف شور کمپنیوں کی تفصیلات دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کمپنیوں کو کرپشن، منی لانڈرنگ اور ٹیکسوں کی چوری کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

رپورٹ آنے کے بعد اڈانی گروپ کی کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آئی، جس کی مجموعی مالیت لگ بھگ 50 ارب ڈالرز ہے جبکہ گوتم اڈانی کی دولت میں 48 گھنٹوں کے دوران 20.4 ارب ڈالر کی کمی آئی اور ان کے اثاثوں کی مالیت 119 ارب ڈالرز سے کم ہوکر 98.8 ارب ڈالر ہوگئی۔

دولت میں کمی کے بعد وہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں چوتھے سے 7 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ دوسری جانب اڈانی گروپ نے اس رپورٹ کو گمراہ کن اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے امریکی کمپنی کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔