اسلام آباد (92 نیوز) - ایوان صدر میں بڑی بیٹھک ہوئی۔ اسحاق ڈار نے عارف علوی کو وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام پہنچایا۔
اہم ترین تقرری اور اپوزیشن کے ساتھ تناؤ کم کرنے کیلئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار متحرک ہو گئے۔ وفاقی وزیر خزانہ کی یکے بعد دیگرے صدر مملکت عارف علوی، مولانا فضل الرحمان اور سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقاتیں ہوئیں۔ ملاقاتوں میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، عمران خان کے لانگ مارچ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات کے دوران سابق صدر آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمن کے ساتھ میاں نواز شریف کی ٹیلیفونک گفتگو بھی ہوئی۔ ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادیوں نے وزیراعظم میاں شہباز شریف کو مکمل حمایت کا یقین دلایا دیا اور پیغام دیا کہ اہم تقرری سمیت دیگر اہم فیصلوں پر وزیراعظم آئینی اختیار کے مطابق اقدام کریں۔ ملکی داخلی استحکام، معاشی و سیاسی استحکام کے لئے مل کر آگے بڑھیں گے۔
ملاقاتوں میں سابق وزیراعظم عمران خان کے بیانیے اور لانگ مارچ کو اہمیت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا اور تینوں بڑی اتحادی جماعتوں کا مستقبل قریب میں مل کر چلنے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے وزیراعظم میاں شہباز شریف کے علاوہ میاں نواز شریف کا بھی اہم پیغام پہنچایا۔ طبیعت بہتر ہوتے ہی وزیراعظم میاں شہباز شریف جلد اتحادیوں کے ساتھ براہ راست بھی ملاقات کریں گے۔
صدر مملکت عارف علوی سے بھی وزیر خزانہ کی ملاقات ہوئی جس میں اسحاق ڈار نے وزیر اعظم شہباز شریف کا پیغام پہنچایا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق امور پر مشاورت کی گئی۔