Friday, March 29, 2024

این اے 45 کرم میں عمران خان اور اقبال وزیر کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کا فیصلہ محفوظ

این اے 45 کرم میں عمران خان اور اقبال وزیر کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کا فیصلہ محفوظ
November 23, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - الیکشن کمیشن نے این اے 45 کرم میں عمران خان اور اقبال وزیر کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

الیکشن کمیشن میں این اے 45 کرم میں ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس کی سماعت ہوئی۔ اسپیشل سیکرٹری نے عدالت کو بتایا کہ حلقہ میں سرکاری گاڑیاں استعمال ہوئی ہیں۔ یہ کیسے کہتے ہیں کہ سرکاری وسائل استعمال نہیں ہوئے۔ عمران خان پہلے بھی خلاف ورزیاں کرچکے ہیں۔ ڈی جی لا نے کہا  اقبال وزیر پارٹی کا اہم حصہ ہے ،اس کا اثر امیدوار پر پڑتا ہے، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے اگر کسی نے خلاف ورزی کی ہے تو اس کا اثر امیدوار پر پڑتا ہے۔ اس کو اندازہ نہیں ہوگا اس نے کہا تھا وزارت قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔

اسپیشل سیکرٹری نے اقبال وزیر کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش کر دی۔ انہوں نے لوگوں کو اشتعال دلانے کی کوشش کی۔ ان کی ٹویٹس سے الیکشن کمیشن کی ساکھ متاثر ہوئی ہے۔

پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر نے کمیشن کو بتایا  خیبرپختونخوا میں دو افسران یہ نوٹسز بھیج رہے ہیں۔ جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا  نوٹسز تو پنجاب میں بھی ہوئے ہیں، کوئی بھی شخص آئین سے بالاتر نہیں۔ کسی کو بھی الیکشن کمیشن کے خلاف توہین کی اجازت نہیں، یہ تو نہیں ہے کہ دوسروں کو بددیانت کہے یہ نامنظور ہے۔

ممبر الیکشن کمیشن نے کہا  باقی صوبوں میں تو ہیلی کاپٹر بھی استعمال نہیں ہوا جس پر پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا ہم نے تو ہیلی کاپٹر استعمال ہی نہیں کیا۔ اقبال وزیر مہم کیلئے نہیں بلکہ سیلاب کے بعد بحالی کے کام کیلئے گیا۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ اقبال وزیر ویڈیو میں کہہ رہا ہے کہ میں انتخابی مہم چلا رہا ہوں ۔ فریقین کے دلائل کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔