Saturday, April 20, 2024

این اے 240 میں ضمنی انتخاب میں بدامنی سے متعلق انکوائری رپورٹ غیر تسلی بخش قرار

این اے 240 میں ضمنی انتخاب میں بدامنی سے متعلق انکوائری رپورٹ غیر تسلی بخش قرار
July 4, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – این اے 240 میں ضمنی انتخاب میں بدامنی سے متعلق انکوائری رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دیدی گئی۔ الیکشن کمیشن نے این اے 240 ضمنی انتخاب میں بدامنی کے معاملہ پر آر او اور ڈی آر او کو او ایس ڈی بنا دیا۔

چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ نے این اے 240 میں ضمنی الیکشن کے دوران بدامنی کیس کی سماعت کی۔ ریجنل الیکشن کمشنر اور ایس ایس پی فیصل بصیر نے این اے 240 سے متعلق انکوائری رپورٹس جمع کرائیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اصل کام تو معلوم کرنا تھا کہ کون بیلٹ پیپر واپس لے آیا، یہ کام توآپ نے کیا ہی نہیں جس پر ریجنل الیکشن کمشنر نے کہا جو ہمارا مینڈیٹ ہے اس کے مطابق کام کیا، چیف الیکشن کمیشن نے کہا کہ مجھے مینڈیٹ نہ سکھائیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انکوائری رپورٹ کو غیرتسلی بخش قرار دیدیا اور کمیٹی کے سربراہ سے وضاحت طلب کرتے ہوئے جامع انکوائری کرنے کی ہدایت کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ لگتا ہے پریذائڈنگ افسر اس معاملے میں ملوث تھا، اس سے ان رپورٹس پر جواب لیں، پھر فیصلہ کرینگے۔

الیکشن کمیشن نے پی ایس پی سربراہ مصطفیٰ کمال کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا اوراین اے 240 کے آر او اور ڈی آر او کو او ایس ڈی بنا دیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اگر یہ حالات رہے تو آئی جی پولیس سندھ کو بھی تبدیل کرسکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 7 جولائی تک ملتوی کردی۔