Tuesday, April 16, 2024

ایمن الظواہری کی ہلاکت کا امریکی صدر کا دعویٰ تاحال دعویٰ ہی ہے، ذبیح اللہ مجاہد

ایمن الظواہری کی ہلاکت کا امریکی صدر کا دعویٰ تاحال دعویٰ ہی ہے، ذبیح اللہ مجاہد
August 10, 2022 ویب ڈیسک

کابل (92 نیوز) - ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے ایمن الظواہری کی ہلاکت کا امریکی صدر کا دعویٰ تاحال دعویٰ ہی ہے۔ ہم نے اپنا موقف پیش کر دیا۔

ذبیح اللہ مجاہد نے نیشنل ٹی وی سے  گفتگو کرتے ہوئے کہا ہم واضح طور پر کہتے ہیں کہ امارت اسلامیہ کو ایمن االظواہری کی موجودگی اور عدم موجودگی کی کوئی خبر نہیں تھی اور نہ اس بات کا کوئی علم ہے کہ وہ یہاں تھے اور اس حادثے میں نشانہ بنے ہیں۔ ہم تا حال کسی نتیجے پر نہیں پہنچے۔ امارت اسلامیہ کی جانب سے یہ معاملہ زیر تحقیق ہے۔ مناسب ہوا تو اسے عوام کے لیے بھی میڈیا پر شائع کر دیا جائے گا۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا افغانستان کی حدود کی پامالی کی ہم مذمت کرچکے ہیں ۔ افغانستان کی حدود اور دوحہ معاہدے کی واضح خلاف ورزی کی گئی ہے۔ دوحہ معاہدے میں واضح لکھا ہے اگر انکے انٹیلی جنس اداروں کو ایسا کچھ معلوم ہو جو ان کے امن کے لیے خطرہ ہو یا معاہدے کے خلاف جاتا ہو تو امریکہ افغانستان پر حاکم نظام سے رابطہ کرے گا اور حکومت خود کارروائی کرے گی۔ امریکیوں کو براہ راست کارروائی کی اجازت نہیں ہو گی۔ امریکا کو خبردار کر دیا ہے اس طرح کے واقعات بار بار دہرائے گئے تو اس کے نتائج کا ذمہ دار امریکہ خود ہو گا۔