Sunday, September 8, 2024

ایم کیو ایم کے پیپلزپارٹی سے معاملات طے، اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کا اعلان جلد متوقع

ایم کیو ایم کے پیپلزپارٹی سے معاملات طے، اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کا اعلان جلد متوقع
March 25, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - ایم کیو ایم کے پیپلزپارٹی سے معاملات طے پا گئے۔ اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کا اعلان جلد متوقع ہے۔

خبر ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ اور پیپلزپارٹی کے درمیان پی  ٹی آئی کی قومی اسمبلی اجلاس کی حکمت عملی کےاعلان کے بعد معاہدہ سائن ہو گا۔ دونوں جماعتوں کی قیادت نے معاہدے کے نکات اور بنیادی حکمت عملی پر اتفاق کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق  متحدہ نے یقین دلایا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میں حکومت کے ساتھ نہیں ہو گی۔

ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان اسلام آباد میں ہوئی ملاقات میں متحدہ نے سندھ کی سرکاری جامعات اور تعلیمی بورڈز گورنر کے ماتحت کرنے کے مطالبات کیے جبکہ سندھ حکومت نے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کا انتظامی کنٹرول وزیراعلی سے واپس نہ لینے کا کہا ہے۔

دونوں جماعتوں  کے درمیان طے پایا ہے کہ کراچی ترقیاتی پیکج میں ایم کیوایم کی سفارش پر اسکیمز شامل کی  جائیں گی جبکہ  سندھ حکومت صوبائی فنانس کمیشن کی  تشکیل نو مالیاتی شیئر بڑھانے کو تیار ہے اور 6 ماہ میں صوبائی فنانس کمیشن قائم کرکے قابل تقسیم محاصل کا نیا فارمولہ بنایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق  آرٹیکل 140 اے کے  تحت بلدیاتی قانون و اختیارات کا مسودہ تیار کیا جائے گا جس پر دونوں جماعتوں کی ذیلی کمیٹیاں کام کر رہی ہیں۔ ملاقات  میں صوبائی سطح پر ڈویلپمنٹ کمیٹی کے قیام پر اتفاق کیا  گیا ہے جو کہ ہر ضلع میں ترقیاتی اہداف کا تعین کرے گی۔