Saturday, May 4, 2024

ایم کیو ایم ریلی پر پولیس تشدد کے بعد جاں بحق کارکن کی نمازجنازہ ادا

ایم کیو ایم ریلی پر پولیس تشدد کے بعد جاں بحق کارکن کی نمازجنازہ ادا
January 27, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی میں ایم کیو ایم ریلی پر پولیس تشدد کے بعد جاں بحق کارکن محمد اسلم کی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ مولانا جمیل راٹھور نے پڑھائی، نماز جنازہ میں محمد اسلم کے لواحقین اور رشتہ دار بھی شریک تھے۔ ایم کیو ایم کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

فاروق ستار نے کہا کہ میں ایم کیو ایم کے لائحہ عمل کے ساتھ ہوں، وزیراعلیٰ ہاؤس جانا ہوا تو سب سے پہلے میں جاؤں گا۔ متعصب پولیس کے ظالمانہ عمل کی مذمت کرتا ہوں۔ صوبائی حکومت نے کل تمام حدود کو پار کیا۔

انہوں نے مزید کہا کل بہادر آباد میں آئندہ کالائحہ عمل بنانے کی بات کی تھی۔ کل ماؤں ،بہنوں اور بیٹیوں پر تشدد کیا گیا، سندھ حکومت کالے بلدیاتی قانون کو واپس لے۔ جیل بھرو تحریک کےلیے بھی تیار ہیں، عوام میں لاوا پک رہا ہے۔ صوبائی حکومت کے خلاف سول نافرمانی کی تحریک شروع ہونے والی ہے۔

کارکنوں پر پولیس تشدد کے خلاف ایم کیوایم کے یوم سیاہ پر حیدرآباد اور دیگر شہروں میں بھی کارکن جمع ہونے لگے۔

ادھر واقعے کی ابتدائی رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کردی گئی، تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی۔