ایم کیو ایم نے سندھ حکومت کیساتھ معاملات پر وزیراعظم سے مداخلت کی اپیل کردی

کراچی (92 نیوز) - متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ حکومت کے ساتھ معاملات پر وزیراعظم سے مداخلت کی اپیل کردی۔ پیپلزپارٹی پر بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی کا الزام عائد کردیا، معاہدوں پر عمل نہ ہونے کی صورت میں فیصلہ کرنے کا عندیہ دیدیا۔
دو وزارتیں لے لیں، مگر معاہدوں میں عمل درآمد میں ناکام ایم کیوایم نے اتحادی حکومت کے معاملات پر انگلیاں اٹھانا شروع کردیں۔
سندھ حکومت سے شکوے، آصف زرداری سے امیدیں باندھ لیں، بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات پیپلزپارٹی پر عائد کرتے ہوئے آرمی سے مداخلت کی اپیل کردی۔
کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں وسیم اختر بولےحکومت بن گئی، سب مزے سے بیٹھ گئے۔ معاہدے پر کوئی پیشرفت نہیں ہورہی، ہماری باتوں کو سنجیدہ لیا جائے۔
سابق میئر کراچی نے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے پر کہا کہ دھاندلی کا بازار گرم، پاکستان کے عوام دیکھیں کس طرح الیکشن ہورہے ہیں۔ حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کی خرابیوں کو درست نہیں کیا گیا۔ کراچی کے ساتھ کھلواڑ مت کریں۔
کراچی میں بڑھتی لوڈشیڈنگ اور بجلی بل میں اضافے پر ایم کیوایم کے ڈپٹی کنوینر وسیم اختر نے کہا کہ ہم کے الیکٹرک کے خلاف آواز ہی بلند کرسکتے ہیں اور وہ کررہے ہیں۔