Wednesday, May 8, 2024

ایک طرف پلستر اور دوسری طرف ریلی، عمران خان صحت مند ہیں تو پہلے عدلیہ کو جواب دیں، رانا ثناء

ایک طرف پلستر اور دوسری طرف ریلی، عمران خان صحت مند ہیں تو پہلے عدلیہ کو جواب دیں، رانا ثناء
March 8, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیرداخلہ رانا ثناء کہتے ہیں کہ ایک طرف ٹانگ پر پلستر ہے، دوسری طرف ریلی نکالنا چاہتے ہیں، اگر عمران خان صحت مند ہو گئے ہیں تو پہلے عدالتوں میں جاکر جواب دیں۔

بدھ کے روز اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمرانی ٹولہ کسی قانون کو خاطر میں نہیں لاتا، نگران حکومت نے اداروں کی رپورٹ کے بعد دفعہ 144  لگائی، خلاف ورزی پر قانون کے مطابق ایکشن ہوگا۔

رانا ثناء اللہ بولے کہ اگر عمران خان بزدلوں کی طرح چھپے رہے تو پھر بھی کب تک چھپیں گے؟ عدالتی حکم ہوا تو گرفتار کرلیں گے۔ اگر عمران خان 13 مارچ کو پیش نہیں ہوتے تو اُمید ہے کہ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

آپ جو ریلیف مانگتے ہیں مل جاتا ہے، اس کے باوجود آپ عدالتوں پر اعتماد نہیں کررہے۔ عمرانی ٹولہ کسی قانون کو خاطر میں نہیں لاتا، ہمارے معاملے پر کسی نے سوموٹو نوٹس نہیں لیا۔ ہمیں عدالتوں سے جیسا رویہ ملتا رہا ہے سب کے سامنے ہے۔ بہت سی باتوں پر سوموٹو بنتا تھا، مگر نہیں لیا گیا۔

موجودہ چیئر مین نیب کا بڑا بے داغ کیرئیر ہے، اُمید ہے کہ وہ احتساب کا عمل بہتر انداز میں چلائیں گے۔ توشہ خانہ کی چوریاں علیحدہ ،12 ارب کی ٹرانسیکشنز ہیں، نئے صاحب سست روی ختم کرکے معاملہ آگے بڑھائیں۔

یہ چاہتا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام نہ ہو، نظام میں موجود کسی شخص نے عمران خان کی گرفتاری سے نہیں روکا ہو، اسلام آباد میں جو کچھ ہوا اس سے عمران خان کا چہرہ بے نقاب ہوا ہے، ہر آنے والا دن مزید بےنقاب کررہا ہے۔