Thursday, March 28, 2024

ایک مفرور آدمی لندن میں بیٹھ کر ملک کے فیصلے کررہا ہے، عمران خان

ایک مفرور آدمی لندن میں بیٹھ کر ملک کے فیصلے کررہا ہے، عمران خان
November 11, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ ایک مفرور آدمی لندن میں بیٹھ کر ملک کے فیصلے کررہا ہے، انہوں نے بلیک میل کرکے این آر او لیا۔

عمران خان کا لانگ مارچ کے شرکا سے ویڈیو لنک خطاب میں کہا یہ قوم کا پیسہ چوری کرکے کیسز ختم کرا رہے ہیں، بھکاریوں کی طرح پیسے مانگنے سے ملک مضبوط نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ نے ماڈل ٹاؤن میں لوگوں کا قتل کروایا، سب سے اہم تقرری آرمی چیف کی ہے جس کا یہ فیصلہ کرنے جارہے ہیں۔

سابق وزیراعظم بولے کہ برطانیہ میں جہاں یہ بیٹھے ہیں، رول آف لاء ہے، برطانیہ میں یورپ میں قبضہ گروپ کا تصور نہیں، پاکستان میں رول آف لاء نہیں، طاقت کی حکمرانی ہے۔ انہوں نے بلیک میل کرکے این آر او لیا۔ پہلے روز سے میں نے کہا کہ ان کو این آر او نہیں دوں گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بولے کہ اعظم سواتی کا کیس ہے، مجھے گولیاں لگیں، اللہ کا حکم برائی کیخلاف اور اچھائی کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے۔ ایون فیلڈ میں احتجاج کرنے والوں کو ہم نہیں کہتے، ایک مفرور آدمی وہاں بیٹھ کر فیصلے کر رہا ہے، اس ملک میں اخلاقیات کا قتل ہو رہا ہے۔

علاوہ ازیں عمران خان نے زمان پارک میں مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا انتخابات مارچ سے قبل ہونے چاہئیں، ملکی مسائل کا واحد حل فوری طور پر شفاف انتخابات ہیں۔

اجلاس میں فواد چودھری، شبلی فراز سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، لانگ مارچ اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، وفاقی حکومت کی پی ٹی آئی رہنماؤں پر انتقامی کارروائیوں پر اظہار تشویش کیا گیا۔