کراچی (92 نیوز) - گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا ہے ایک لاکھ تک ایل سی کو کلیئر کیا جارہا ہے۔
کراچی میں پائیدار بینکنگ کے موضوع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا امپورٹ پالیسی کو نرم کیا گیا ہے۔ کمرشل بینکوں کو ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ پائیدار توانائی اسکیمز کیلئے پچانوے ارب روپے کی فنانسنگ فراہم کی ہے۔ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں کو ملک کیلئے بڑا خطرہ بھی قرار دیا۔
جمیل احمد بولے سیلاب کی تباہ کاریوں سے ملکی معیشت اور زرعی شعبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ کمرشل بینکوں کو موسمیاتی تبدیلیوں پر پالیسی دیدی ہے۔ ہم نے گرین بینکنگ کیلئے کئی اقدامات کیے ہیں۔ اسٹیٹ بینک ماحولیاتی بینکاری کے لئے مینوئل بھی جاری کر رہا ہے۔