Tuesday, April 23, 2024

ایک ہفتے سے تماشا لگا ہے، گالیاں دی جا رہی ہیں، مُراد سعید

ایک ہفتے سے تماشا لگا ہے، گالیاں دی جا رہی ہیں، مُراد سعید
February 17, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزیر مواصلات مُراد سعید کہتے ہیں کہ ایک ہفتے سے تماشہ لگا ہے، گالیاں دی جا رہی ہیں۔

جمعرات کے روز نیوز کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ 2013 میں واضح اکثریت کیساتھ نشست جیت کر پارلیمنٹ میں پہنچا، پارلیمنٹ پہنچا تو سب سے پہلے میری ڈگری کا معاملہ لایا گیا۔ یہ پارلیمنٹ کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں، عام آدمی اسمبلی میں آجائے تو اس کے بارے میں غلیظ زبان استعمال کی جاتی ہے۔ مجھے دلیل سے نہیں، گالیوں سے جواب دیا جاتا ہے۔

وزیر مواصلات نے کہا ظلم اور ناانصافی کے خلاف تحریکوں میں حصہ لیا، قبائلی اضلاع میں اپنے لوگوں کی مدد کرنا میرا مقصد ہے۔ آئی ایس ایف کو پورے ملک میں شناخت دی، پارلیمنٹ میں ان کی جی حضوری کرنے نہیں آیا۔

مُراد سعید نے کہا کہ جاوید لطیف کو میرے خاندان کیخلاف غلیظ باتوں کیلئے کھڑا کیا گیا۔ مجھ سے بغض رکھیں مگر میری وزارت کے 46 ہزار ملازمین سے زیادتی نہ کریں۔ اب میری وزارت پر بات آئی ہے۔ میں نے ڈلیور کیا، میں نئے عزم کے ساتھ آیا ہوں، ڈٹا رہوں گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ بحیثیت پاکستانی اپنا قانون حق استعمال کیا ہے، متعلقہ ادارے کی کارروائی کا سوال مجھ سے نہیں بنتا، متعلقہ ادارے نے کارروائی کس انداز میں کی، اس کا سوال مجھ سے نہیں بنتا۔

ادھر دوسری جانب وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ٹویٹ پیغام میں لکھا کہ مُراد سعید کو کیا محض اس لئے نشانہ بنایا جاتا ہے کہ مڈل کلاس کا نوجوان گراس روٹ سے آگے آگیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایس ایف میں ہم نے مل کرجدوجہد کی ہے پورے ملک میں نوجوانوں کو نیا پاکستان کے حوالے سے متحرک کیا۔ اس نوجوان نے سیاسی وانتظامی اہلیت منوائی اور کارکردگی میں نمایاں ہوئے۔