Tuesday, April 16, 2024

ایف آئی اے کی پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تین بڑے شہروں میں کارروائیاں

ایف آئی اے کی پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تین بڑے شہروں میں کارروائیاں
October 7, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ایف آئی اے نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تین بڑے شہروں میں کارروائیاں کیں۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ گیٹ سے سینیٹر سیف اللہ نیازی کو گرفتار کر لیا گیا۔ لاہور  سے پی ٹی آئی کے بانی رکن حامد زمان گرفتار ہوئے اور کراچی میں طارق شفیع کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔ موبائل فون سمیت اہم اشیا تحویل میں لے لیں۔ ترجمان ایف آئی اے نے سیف اللہ نیازی کی گرفتاری کی تردید کر دی۔

حامد زمان کو وارث روڈ پر واقع ان کے دفتر سے گرفتار کیا گیا۔ ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ انصاف ٹرسٹ کے اکاؤنٹ میں 2013 میں 6 لاکھ 25 ہزار ڈالر آئے۔ انصاف ٹرسٹ قواعد و ضوابط پر پورا نہیں اترتا تھا اور حامد زمان اس کے سیکرٹری تھے۔ ایف آئی اے پی ٹی آئی فنڈنگ کیس کی تحقیقات کر رہی ہے۔

 ادھر ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کی ٹیم طارق شفیع کے گھر میں داخل ہو گئی۔ اہلکاروں نے رات کو ہی کے ڈی اے اسکیم ون میں واقع  پی ٹی آئی رہنما کے گھر کا محاصرہ کر لیا تھا۔ سرچ وارنٹ ملتے ہی دروازہ پھلانگ کر اہلکار اندر کود پڑے۔ چھاپے کے وقت طارق شفیع گھر میں موجود نہیں تھے۔ ایف آئی اے نے بیرون ملک سے رقوم کی غیرقانونی منتقلی پر تحریک انصاف کے رہنمائوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ مقدمے میں سید عارف مسعود نقوی، طارق شفیع اور محمد رفیع لاکھانی نامزد ہیں۔