Saturday, October 1, 2022

ایڈیشنل سیشن جج کو دھمکی، توہین عدالت کا شوکاز نوٹس عمران خان کی رہائش گاہ پر موصول

ایڈیشنل سیشن جج کو دھمکی، توہین عدالت کا شوکاز نوٹس عمران خان کی رہائش گاہ پر موصول
August 26, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ایڈیشنل سیشن جج کو مبینہ دھمکی دینے کے کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر توہین عدالت کا شوکاز نوٹس عمران خان کی رہائش گاہ پر موصول ہو گیا۔

شوکاز میں کہا گیا ہے کہ عمران خان 31 اگست کو پیش ہو کر بتائیں کیوں نہ آپ کےخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ عمران خان نے خاتون جج کے بارے میں توہین اور دھمکی آمیز تقریر کی۔ چیئرمین تحریک انصاف نے تقریر اس وقت کی جب کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرسماعت تھا۔

شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے توہین اور دھمکی آمیز تقریر من پسند فیصلہ لینے کے لیے کی۔ عمران خان نے تقریر کے ذریعے انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔ عمران خان نے خاتون جج کو دھمکی دے کر کریمنل اور جوڈیشل توہین کی۔