Friday, April 26, 2024

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کو کام سے روکنے کیخلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کو کام سے روکنے کیخلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب
May 20, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس کو کام سے روکنے کیخلاف درخواست پر چیف سیکرٹری سمیت تمام فریقین سے جواب مانگ لیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی نے احمد اویس کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے فریقین سے جواب طلب کرتے ہوٸے حکم دیا کہ تحریری طور پر بتایا جائے کہ ایڈووکیٹ جنرل سے اختیارات اور مراعات  واپس نہیں لی گئیںْ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب سے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت آپ کو ایڈووکیٹ جنرل کے عہدے پر تعینات کیا گیا؟

 جواد یعقوب نے کہا کہ احمد اویس ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ہیں لیکن حکومت کے مفاد کو مدنظر نہیں رکھ رہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ آپ  صرف اتنا کر سکتے ہیں کہ کون سا افسر کس کیس میں پیش ہو اور کون نہیں۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سے کہا  کہ آپکو یہ حق نہیں کہ انکی جگہ ذمہ داری نبھائیں۔ اس سسٹم کو چلنے دیں، کل کو ایسے حالات کا  آپکو بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ احمد اویس کے وکیل شفقت چوہان نے کہا کہ عدالت نے بھی احمد اویس کو ایڈووکیٹ جنرل مانا ہے۔

عدالت نے احمد اویس کو بطور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کام جاری رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے ہدایت کی کہ حکومت لکھ کر دے کہ انہیں کام سے نہیں روکے گی۔