Tuesday, April 23, 2024

ایڈنبرا کے سینٹ جائلز کیتھڈرل چرچ میں آنجہانی ملکہ الزبتھ دوئم کیلئے دعائیہ تقریب

ایڈنبرا کے سینٹ جائلز کیتھڈرل چرچ میں آنجہانی ملکہ الزبتھ دوئم کیلئے دعائیہ تقریب
September 13, 2022 ویب ڈیسک

ایڈنبرا (92 نیوز) - سکاٹ لینڈ کے شہر ایڈنبرا کے سینٹ جائلز کیتھڈرل چرچ میں آنجہانی ملکہ الزبتھ دوئم کیلئے دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں شاہ چارلس سوئم، ملکہ اور شاہی خاندان کے افراد نے شرکت کی۔ برطانوی وزیراعظم لزٹرس اور دیگر شخصیات بھی تعزیتی تقریب میں موجود تھے۔

آنجہانی ملکہ الزبتھ دوئم کا تابوت آج بالمورل سے ایڈنبراچھ گھنٹے کی مسافت کے بعد ہولی روڈ ہاوس کے محل میں پہنچایا گیا۔ راستے میں شہریوں نے ملکہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تابوت کو شاہی بینڈ کی دھنوں میں چرچ کیلئے روانہ کیا گیا۔

ملکہ کیلئے دعائیہ تقریب کا اہتمام ایڈنبرا کے سینٹ جائلز کیتھڈرل چرچ میں کیا گیا، تابوت کو شاہی پروٹوکول کے ساتھ ایک تعزیتی جلوس کی صورت میں چرچ لایاگیا جس کی قیادت شاہ چارلس سوئم، ان کے بھائیوں اور بہن نے کی۔

تعزیتی تقریب میں شاہی خاندان کی دیگر اہم شخصیات اوربرطانوی وزیراعظم لزٹرس، سکاٹش فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن نے شرکت کی۔ مہمانوں کی آمد کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔

تقریب میں ملکہ کیلئے دعائیہ کلمات ادا کئے گئے، ملکہ کی پسندیدہ دُعا بھی پڑھی گئی جو 1947ء میں ان کی شادی پر پڑھی گئی تھی۔

تعزیتی تقریب کے بعد ملکہ برطانیہ کا تابوت عام دیدار کیلئے رکھ دیا جائے گا، جہاں 24 گھنٹے تک شہری اپنی محبوب ملکہ کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔