Saturday, April 27, 2024

ایون فیلڈ ریفرنس، نوازشریف، مریم نواز کو 3 دن کی حاضری سےاستثنیٰ مل گیا

ایون فیلڈ ریفرنس، نوازشریف، مریم نواز کو 3 دن کی حاضری سےاستثنیٰ مل گیا
June 25, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) لندن فیلٹس ریفرنس کیس میں عدالت نے نواز شریف کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں حاضری سے 3 روز کا استثنیٰ دے دیا۔ احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی ۔  خواجہ حارث نے بیگم کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم کی اہلیہ کی حالت تشویشناک ہے ، نوازشریف اور مریم نواز عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے ،عدالت سے استدعا ہے کہ انہیں حاضری سے 7 روز کا استثنیٰ دیا جائے۔ عدالت نے نوازشریف کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں حاضری سے 3 روز کا استثنیٰ دے دیا۔ ادھر نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ ناقابل قبول شواہد ہے۔ واجد ضیاء یہ خط تو پیش کر سکتے تھے مگر کوئی کمنٹس نہیں کر سکتے تھے۔ وکیل خواجہ حارث نے کہا دبئی سے سعودیہ سکریپ مشینری کی منتقلی ، نیب کی جانب سے یو اے ای کو ایم ایل اے لکھنے سمیت ان تمام چیزوں میں جے آئی ٹی نے اپنی رائے اور تبصرے دیے جو کہ ناقابل قبول شواہد ہیں۔ خواجہ حارث نے کہا 1980 گلف اسٹیل مل کی منی ٹرانزیکشن کا نواز شریف سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ کسی اور کی پیش کردہ دستاویزات کا متن نواز شریف کیخلاف کیسے استعمال ہو سکتا ہے ۔ قطری شہزادے کے دوخطوط کا نواز شریف سے کچھ لینا دینا نہیں ۔ خطوط میں تضادات کا بتانا جے آئی ٹی کا نہیں،عدالت کا کام تھا ۔ خواجہ حارث نے مزید کہا کہ واجد ضیاء نے نواز شریف سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔ الزام ثابت کرنے کے لیے پرائمری یا سیکنڈری شواہد ہوتے ہیں۔ لندن فیلٹس کے بینفیشل مالک اور ملکیت بھی نواز شریف کی نہیں۔ ملکیت کا کوئی تو ثبوت ہونا چاہیئے۔