Thursday, March 28, 2024

فاٹا اورخیبرپختونخوا میں پولیوورکروں کے خلاف حملوں میں تیزی آگئی

فاٹا اورخیبرپختونخوا میں پولیوورکروں کے خلاف حملوں میں تیزی آگئی
October 26, 2016
پشاور(92نیوز)فاٹا اور خیر پختونخوا میں پولیو ورکروں کے خلاف حملوں میں ایک بار پھر تیزی آگئی ہے چوبیس گھنٹوں کے دوران پولیو ٹیموں اور ان کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا جس میں پولیو ورکر سمیت دو افراد جاں بحق اور نو زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کےمطابق خیبر ایجنسی میں پولیو ورکروں پر حملے کے نتیجے میں ایک پولیو ورکرفضل امین جاں بحق ہو گیا ،فضل امین کو جمرود کے علاقہ غنڈی میں فائرنگ کا نشانہ بنا یا گیا اسے زخمی حالت میں اسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا 24 گھنٹوں کے دوران پولیو ورکروں پر یہ تیسراحملہ تھا ، منگل کے روز پشاورکے علاقہ داؤد زئی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر معمور پولیس اہلکاروں کو نصب بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس میں ایک پولیس اہلکار جان کی بازی ہارگیا منگل ہی کے روز باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقہ بانڈہ میں نصب بم کے ذریعے پولیو ٹیم کو نشانہ بنایا گیا جس میں دو پولیو ورکروں سمیت 9افراد زخمی ہو گئے تھے، خیبر پختونخو اور قبائلی علاقوں میں پولیو ورکروں پر حملوں سے ایک بار پھر پولیو وائرس کے پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ، پولیو ورکروں پر تین حملوں کے باوجود  بچوں کو قطرے پلانے کی مہم پشاور اور قبائلی علاقوں میں جاری رہی ، تاہم اب بھی کئی ایسے علاقے ہیں جہاں پولیو ٹیموں کی رسائی ممکن نہیں ہو سکی ہے۔