Wednesday, April 24, 2024

اتوار کو عدم اعتماد پر ووٹنگ ہو گی اور ملک کی قسمت کا فیصلہ ہوگا، وزیراعظم عمران خان

اتوار کو عدم اعتماد پر ووٹنگ ہو گی اور ملک کی قسمت کا فیصلہ ہوگا، وزیراعظم عمران خان
March 31, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کو عدم اعتماد پر ووٹنگ ہو گی اور ملک کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔

خط کہاں سے آیا؟ وزیراعظم عمران خان غلطی سے امریکا کا نام لے گئے ، انہوں نے کہا کہ 7مارچ کو ہمیں کسی ملک سے پیغام آتا ہے، خط لکھنے والوں کو پہلے ہی پتہ لگ گیا عدم اعتماد آرہی ہے، ،،کہا گیا جناب اگر عدم اعتماد  کامیاب نہ ہوئی تو نتائج بھگتنا ہوں گے،ان کے رابطے تین کٹھ پتلیوں سے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ استعفی نہیں دیں گے، فیصلہ جو بھی آیا، وہ زیادہ مضبوط بن کر سامنے آئیں گے، انہوں نے کہا کہ زندگی میں کبھی ہار نہیں مانی،آخری گیند تک مقابلہ کروں گا، کہا جاتا ہے عمران خان نے ملک خراب کردیا، تیس سال سے تو آپ باریاں لے رہے تھے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کوئی نہیں مانے گا آصف زرداری، شہباز شریف اور مولانا نظریاتی لوگ ہیں، یہ ضمیروں کو سودا ہو رہا ہے اور ملک کا سودا ہو رہا ہے، جو ان کے ساتھ بیٹھے ہیں ان پر ہمیشہ کیلئے مہر لگ جائے گی، ضمیر کا سودا کرنے والوں کو کوئی معاف نہیں کرے گا، یہ موجودہ میر جعفر اور میر صادق ہیں، جو غداری ہو رہی ہے، چاہتا ہوں قوم ایک ایک غدار کی شکل یادرکھے،قوم آپ کو معاف کرے گی نہ ہی ان کو جو اس کے پیچھے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھے جدوجہد کرنا آتی ہے، کسی صورت خاموش نہیں بیٹھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ روس جانے کا فیصلہ وزارت خارجہ اور عسکری قیادت کی مشاورت سے کیا، یہ پیغام ناصرف وزیراعظم بلکہ قوم کے خلاف بھی ہے۔