Saturday, May 4, 2024

اٹلی میں تارکین وطن کی کشتی حادثے کا شکار، 28 پاکستانیوں سمیت 59 افراد جاں بحق

اٹلی میں تارکین وطن کی کشتی حادثے کا شکار، 28 پاکستانیوں سمیت 59 افراد جاں بحق
February 27, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اٹلی کے صوبے کروٹون میں جنوبی ساحل کے قریب سمندر میں 140 سے زائد تارکین وطن کو لیجانے والی کشتی چٹانوں سے ٹکراکر تباہ ہوگئی۔

کشتی کئی روز قبل ترکی سے روانہ ہوئی تھی، مقامی حکام کے مطابق 81 افراد کو زندہ بچالیا گیا ہے جن میں سے 20 کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ مرنے والوں کی تعداد 60 کے قریب ہے۔ کشتی پر سوار 28 پاکستانیوں کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 12 پاکستانی تاحال لا پتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

کشتی میں پاکستان، افغانستان اور ایران کے تارکین وطن سوار تھے، مرنے والوں میں ایک شیرخوار بچی اور کئی بچے شامل ہیں۔ پاکستانیوں کا تعلق گجرات، کھاریاں اور منڈی بہاؤالدین سے بتایا جارہا ہے۔

۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اٹلی کے ساحل پر ڈوبنے والے بحری جہاز میں پاکستانیوں کی ممکنہ موجودگی سے متعلق رپورٹس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، روم میں پاکستان کا سفارتخانہ اطالوی حکام سے حقائق جاننے کے لئے رابطے میں ہے۔ پاکستانی سفارتخانہ  کا کہنا ہے کہ اطالوی حکام، میری ٹائم ایجنسیوں سے رابطے میں ہیں،پاکستانی سفارتخانہ  سے واقعہ کی معلومات کیلئے واٹس ایپ نمبر 8716588 389 0039 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

سمندری راستے سے یورپ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کے لیے اٹلی ایک اہم لینڈنگ پوائنٹ ہے جہاں وسطی بحیرہ روم کے راستے کو دنیا کے خطرناک ترین راستوں میں شمار کیا جاتا ہے۔