Friday, April 26, 2024

پی ٹی وی حملہ کیس ، انسداددہشتگردی  عمران خان اور طاہرالقادری کے وارنٹ گرفتاری برقرار

پی ٹی وی حملہ کیس ، انسداددہشتگردی  عمران خان اور طاہرالقادری کے وارنٹ گرفتاری برقرار
October 21, 2016
اسلام آباد(92نیوز)سرکاری ٹی وی پر حملہ کیس میں ملزمان عمران خان اورطاہر القادری کے وارنٹ گرفتاری برقرارانسداد دہشتگردی کی عدالت نے دونوں کو 17نومبر تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کےمطابق یکم ستمبر 2014ء شہر اقتدار کے ریڈ زون میں تحریک انصاف اور عوامی تحریک کا دھرناچل رہا تھا کہ اچانک مظاہرین ہاتھوں میں ڈنڈے اٹھائے پی ٹی وی کے ہیڈکوارٹرز پر چڑھ دوڑے۔ دندناتے ہوئے اندر گھسے اور نشریات بند کرادیں۔ توڑ پھوڑ بھی جم کر کی فوجی جوان آئے اور مظاہرین کو باہر نکالا۔ ۔سرکاری عمارت پر حملے کا مقدمہ عمران خان اور طاہرالقادری سمیت70ملزمان کےخلاف درج ہوا۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں کیس چلا لیکن دونوں ہی عدالت میں پیش ہونے سے کتراتے رہے۔ انسداددہشتگردی کی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے کیس کی سماعت کی۔ ا سلام آباد پولیس کی جانب سے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کی رپورٹ جمع نہ کرانے پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار بھی کیا۔ عدالت نے عمران خان اور طاہر القادری سمیت 70 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے 17 نومبر تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم سنا دیا جبکہ حاضر ہونے والے ملزمان کو حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔