Wednesday, April 24, 2024

اسٹیٹ بینک قانون میں سقم کی حکومت کے پاس کوئی وضاحت نہیں، احسن اقبال

اسٹیٹ بینک قانون میں سقم کی حکومت کے پاس کوئی وضاحت نہیں، احسن اقبال
January 15, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) سینئر رہنما نون لیگ احسن اقبال کا کہنا ہے اسٹیٹ بینک کے قانون میں سقم کی حکومت کے پاس کوئی وضاحت نہیں۔

ہفتہ کے روز مسلم لیگ نون کے رہنماء ایاز صادق کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ بل کی منظوری سے اسٹیٹ بینک حکومت کو جوابدہ نہیں رہے گا، اب گورنر 10 سال بھی رہ سکے گا، فارن فنڈنگ کیس روکنے کے لیے سب کیا گیا۔ اسٹیٹ بینک کو آئی ایم کا محتاج بنا دیا گیا۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چئیرمین کی 4 سال کے بجائے 2 سال مدت کردی گئی۔

اُنہوں نے کہا 13 جنوری ملک کی تاریخ میں سیاہ دن ہے، وزیر خزانہ نے منی بجٹ پیش کیا اور اپوزیشن کے سوالوں کے جواب نہیں دئیے۔ بحثیت وزیر خزانہ فیل ہونے والا آدمی اپوزیشن کو جواب دے رہا تھا۔

احسن اقبال نے کہا حکومت نے توانائی سیکٹر کی اینٹ سے اینٹ بجا دی، ان کی کارگردگی کا ثبوت وہ گھر اور کارخانے جو آج گیس نہ ملنے سے بند پڑے ہیں۔ گیس بحران کے ذمہ دار وزیر آج لیکچر دے رہے ہیں اور اپنی حکومت کے چوتھے سال میں بھی پچھلی حکومت میں کیڑے نکال رہے ہیں۔

لیگی رہنماء نے حکومتی سرپرستی میں کھاد اسمگل اور بلیک میں فروخت کرنے کا الزام عاعد کردیا، بولے کہ کھاد، ادویات اور ہر شعبہ میں مافیا پیدا ہوگیا، یہ کہہ رہے ہیں کسان کے زیادہ کھاد استعمال کرنے سے بحران پیدا ہوا۔ ساری کھاد سمگل ہوکر دوسرے ممالک جاچکی۔ مزید کہا کہ حکومت کی غفلت سے بدترین گندم کا بحران آئے گا۔