Friday, May 17, 2024

اسٹیٹ بینک مادرپدر آزاد نہیں ہوگا، حکومت کا کنٹرول برقرار رہے گا، شوکت ترین

اسٹیٹ بینک مادرپدر آزاد نہیں ہوگا، حکومت کا کنٹرول برقرار رہے گا، شوکت ترین
January 10, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) اسٹیٹ بینک کی خودمختاری کے بل پر ہلچل مچ گئی، وزارت خزانہ نے بھی مخالفت کردی، اندرون و بیرون ملک سے قرض لینے اور مالیاتی پالیسی کا اختیار اسٹیٹ بینک کو منتقل کرنا نامنظور کردیا۔

وزیرخزانہ شوکت ترین کہتے ہیں اسٹیٹ بینک مادرپدر آزاد نہیں ہوگا،، بینک پر حکومت کا کنٹرول برقرار رہے گا۔ گورنر اسٹیٹ بینک کی مدت ملازمت میں پانچ سال کی توسیع بھی قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے اختیارات پر تحفظات سے آئی ایم ایف کو آگاہ کریں گے۔ شوکت ترین نے جنوری کے آخری ہفتے میں پھر آئی ایم ایف کے پاس جانے کا بھی بتا دیا۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے آئی ایم ایف بورڈ اجلاس پر وضاحت دیتے ہوئے کہا آئی ایم ایف سے بورڈ اجلاس مؤخر کرنے کی درخواست خود کی۔

ذرائع کے مطابق مالیاتی پالیسی کا اختیار اسٹیٹ بنک کو منتقل کرنے پر وزارت خزانہ کو شدید تحفظات ہیں۔ وزارت خزانہ اسٹیٹ بنک کے اختیارات میں توسیع کی حامی نہیں۔ ان اختیارات کے تحت بیرون ملک اور پاکستان کے اندر سے قرضہ لینے کا اختیار اسٹیٹ بنک کو منتقل ہوجائے گا۔

منی بجٹ کے تحت پاکستان کے اندر قرضہ دینے کا اختیار بھی اسٹیٹ بنک کو منتقل ہوجائے گا۔ قرض حاصل کرنے کے لیے بانڈز کا اجراء بھی اسٹیٹ بنک کی اجازت کے بغیر نہیں ہوسکے گا۔