Thursday, April 25, 2024

اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہے، عمران خان کو کوئی پیغام نہیں پہنچایا، صدرعارف علوی

اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہے، عمران خان کو کوئی پیغام نہیں پہنچایا، صدرعارف علوی
January 26, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - صدر عارف علوی کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہے، نے اسٹیبلشمنٹ کا کوئی پیغام عمران خان کو نہیں پہنچایا۔

گورنر ہاؤس لاہور میں سینئر صحافیوں سے بات چیت میں صدرعارف علوی نے کہا کہ انہوں نے حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات کرانے کی بہت کوشش کی۔ وزیر اعظم سے کہا کہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں، تاہم حکومت کی طرف سے مثبت پیش رفت نہیں ہوئی۔ اب سیاست دانوں کا فرض ہے کہ وہ اپنے معاملات خود طے کریں، ماضی سے سبق سیکھنا چاہئے۔

صدرمملکت نے کہا سیاست دانوں کو مذاکرت کی ٹیبل پر بیٹھ کر مسئلے حل کر لینے چاہئیں۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ اسٹیبلیشمنٹ نیوٹرل ہے، انہوں نے اسٹیبلشمنٹ کا کوئی پیغام عمران خان کو نہیں پہنچایا۔

صدرمملکت مزید بولے فواد چودھری کو ہتھکڑیاں لگا کر اور چہرہ ڈھانپ کر جس طرح عدالت میں پیش کیا گیا وہ شرمناک ہے۔ عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو اس کا ری ایکشن آئے گا۔

انتظامی اقدامات سے کسی معقول سیاست دان کو مائنس نہیں کیا جا سکتا، ماضی میں نقصان کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوا۔

صدرعارف علوی نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن سمیت کوئی دوسرا قومی ادارہ اپنی عزت پولیس کے ذریعے نہیں کرا سکتا۔ اس کے فیصلوں اور اقدامات سے ہی عوام اس کی عزت کرتے ہیں۔

صدر عارف علوی نے کہا موجودہ مہنگائی، بے یقینی اور معاشی بدحالی کی وجہ سے معمولی سا واقعہ ملک میں آگ لگا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کو ایک سال کے ملتوی کرنا آئین کی خلاف ورزی اور جمہوریت کے لئے تباہ کن ہو گا، ملکی معیشت کے پیش نظر ملک میں انتخابات اکٹھے ہونے چاہئیں۔