Saturday, July 27, 2024

پاک ترک تعلقات کو سٹریٹجک پارٹنرشپ میں تبدیل کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف

پاک ترک تعلقات کو سٹریٹجک پارٹنرشپ میں تبدیل کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف
November 25, 2022 ویب ڈیسک

استنبول (92 نیوز) – استنبول شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے ملجم کارویٹ کے چوتھے جہاز پی این ایس خیبر کا افتتاح کردیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں موجود وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک ترک تعلقات کو سٹریٹجک پارٹنرشپ میں تبدیل کریں گے۔

پاک ترک اسٹریٹجک پارٹنر شپ میں ایک اور سنگ میل، استنبول شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے ملجم کارویٹ کے چوتھے جہاز پی این ایس خیبر کا افتتاح کردیا گیا۔

تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کی شرکت کی، اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ وزیراعظم شہبازشریف کو ترک نیوی کے دستے نے گارڈ آف آنرپیش کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان اور ترکی کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات ہیں۔ ترکی نے ہر عالمی فورم پر پاکستان کا ساتھ دیا۔ وقت کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، انہوں نے کہا کہ آج دنیا کو کئی تنازعات کا سامنا ہے، اگر کوئی ملک پُرامن رہنا چاہتا ہے تو اسے جنگ کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ پاک ترک تعلقات کو سٹریٹجک پارٹنرشپ میں تبدیل کریں گے۔

تقریب سے ترکیہ کے صدررجب طیب اردوان نے بھی خطاب کیا اورکہا کہ ترکیہ اور پاکستان تاریخی اور لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔

نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی بھی تقریب میں شریک ہوئے، ترک نیوی کے اعلیٰ افسربھی اس موقع پرموجود تھے۔