Saturday, April 20, 2024

استعفوں سے متعلق اسپیکر ہمیں بلا کر سنے، پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی

استعفوں سے متعلق اسپیکر ہمیں بلا کر سنے، پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی
October 5, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی نے استعفوں سے متعلق بڑا یوٹرن لے لیا۔ ان کا کہنا ہے استعفوں سے متعلق اسپیکر ہمیں بلا کر سنے۔

استعفوں سے متعلق پی ٹی آئی ارکان اسمبلی نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔ دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت اسپیکر کو ہدایت دے وہ استعفے منظوری متعلق اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرے۔ عدالت اسپیکر کو حکم دے کہ وہ درخواست گزاروں اور دیگر 112 ارکان کو بلائے۔ اسپیکر تحقیق کر لے جنھوں نے استعفے دئیے انھوں نے آرٹیکل 64 کے تحت مرضی سے استعفے دئیے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق پٹشنرز کو سنے بغیر اسپیکر استعفوں متعلق اطمینان نہیں کر سکتا۔ ابھی الیکشن کا اعلان نہیں ہوا، 123 ارکان کے استعفوں کو ایک ساتھ دیکھا بھی نہیں گیا۔ اس لیے پٹشنرز کا استعفوں سے متعلق لیٹر موثر نہیں رہا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ممبر اسمبلی شکور شاد کا استعفی منظور ہوا تو انہوں نے درخواست دی۔ اسپیکر نے سنے بغیر استعفی منظور کر لیا۔ شکور شاد کی درخواست پر ہائیکورٹ نے انکا استعفی منظوری کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔

پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی درخواست پر سماعت کل ہو گی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ درخواست پر سماعت کرینگے۔