Friday, April 26, 2024

استعفوں کی منظوری: اسپیکرکا اقدام غیرقانونی وغیر آئینی ہے، پی ٹی آئی

استعفوں کی منظوری: اسپیکرکا اقدام غیرقانونی وغیر آئینی ہے، پی ٹی آئی
January 20, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں نے اسپیکر قومی اسمبلی کے استعفے منظوری کے اقدام پر شدید رعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسپیکرکا اقدام غیرقانونی وغیر آئینی ہے۔ 

پی ٹی آئی ارکان اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کیلئے ان کے چیمبر  پہنچے، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شیریں مزاری، ملیکہ بخاری، کنول شوزب شامل تھے، اسٹاف نے پی ٹی آئی ارکان کو اسپیکر کی غیر موجودگی سے آگاہ کیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا اسپیکر صاحب آپ کہاں ہیں، ممبر آپ کی تلاش میں ہیں، آئیں باقی ارکان کے بھی استعفے قبول کریں، جب قومی اسمبلی میں واپسی کا فیصلہ کیا تو استعفے منظور کر لیے گئے۔

پی ٹی آئی رہنماء فواد چودھری نے کہا حکومت کو گھر بھیجنا ملک و قوم کے بہترین مفاد میں ہے۔ پاکستان ڈیفالٹ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اسپیکر کہتے تھے اٹھارہ لوگ ان سے رابطے میں ہیں، بتائیں اب وہ کہاں ہیں؟

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر بولے پی ٹی آئی ایم این ایز استعفوں کیلئے آ رہے ہیں اور اسپیکر چھپ گئے۔ ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے، بچانے کیلئے ہر آئینی کوشش کرنے کو تیار ہیں۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بولے یہ اگر اپنی مرضی کی نگران حکومت لائیں گے تو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

دوسری جانب وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔