یروشلم (92 نیوز) - مشرقی یروشلم میں اسرائیلی پولیس نے الجزیرہ کی رپورٹر شیریں ابو عاقلہ کے جنازے کے شرکا پر دھاوا بولا اور لاٹھی چارج کیا۔
قطر میں واقع نیوز چینل کی رپورٹر شیریں ابو عاقلہ مقبوضہ غربِ اردن میں اسرائیلی فوجی کارروائی کی کوریج کر رہی تھیں جب اُنھیں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ الجزیرہ نے کہا ہے کہ 51 سالہ شیریں ابو عاقلہ کو اسرائیلی فوجیوں نے ’جان بوجھ کر‘ گولی ماری ہے۔
اسرائیل کے وزیر اعظم نے اس کا الزام ’فلسطینی بندوق برداروں‘ پر عائد کیا ہے۔ جمعے کو جب اُن کا جنازہ لے جایا جا رہا تھا تو پولیس کے تشدد سے ہونے والی ہلچل کے دوران اُن کا تابوت تقریباً گر ہی گیا تھا۔
ہسپتال کے کمپاؤنڈ میں پولیس اہلکار مجعمے کو دھکیل رہے ہیں اور لوگوں پر تشدد کر رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اُن پر پتھراؤ کیا گیا تھا اور اُنھیں ’ہجوم کو منتشر کرنے کے طریقے‘ استعمال کرنے پڑے۔