Tuesday, April 23, 2024

اسرائیلی فوج کی جینین مہاجر کیمپ پر اندھا دھند فائرنگ، 9 فلسطینی شہید

اسرائیلی فوج کی جینین مہاجر کیمپ پر اندھا دھند فائرنگ، 9 فلسطینی شہید
January 26, 2023 ویب ڈیسک

جینین (92 نیوز) - ظالم اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں واقع جینین مہاجر کیمپ پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے 60 سالہ بزرگ خاتون سمیت 9 فلسطینی شہید ہوگئے۔

مقبوضہ فلسطین کے علاقے مغربی کنارے میں واقع جینین مہاجر کیمپ میں اسرائیلی فورسز نے فلسطینیوں پر قیامت ڈھا دی۔

میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے جینین پناہ گزین کیمپ میں بڑے پیمانے پر چھاپے مارے۔ نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 9 فلسطینی شہید ہوگئے۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت چھاپے کے دوران فائرنگ سے شہید ہونے والوں میں ایک معمر خاتون بھی شامل ہے، جبکہ 16 افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے کئی فلسطینیوں کی حالت نازک ہے۔

حکام کے مطابق شہید والوں میں سے اب تک صرف دو کی شناخت ہو سکی ہے، جن میں سے ایک 24 سالہ صائب عصام زریقی اور دوسرا 17 سالہ علی تھا۔ جینین کے سرکاری اسپتال کے سربراہ کا کہنا تھا کہ زخمیوں کی تعداد دیکھ کر لگ رہا ہے کہ اس سے پہلے اتنا بڑا حملہ نہیں کیا گیا۔

ایمبولینس ڈرائیور نے شہداء کے پاس جانے کی کوشش کی تو اسرائیلی فورسز نے ایمبولینس پر براہ راست گولی چلائی اور اسے قریب آنے سے روک دیا۔ اسرائیلی فورسز نے اسپتال کی طرف بھی آنسو گیس فائر کی، جس سے اسپتال میں داخل بچوں کی حالت خراب ہو گئی۔