Friday, April 26, 2024

اسرائیلی فوج کی غزہ پر وحشیانہ بمباری، فلسطینی شہداء کی تعداد 28 ہوگئی، 203 زخمی

اسرائیلی فوج کی غزہ پر وحشیانہ بمباری، فلسطینی شہداء کی تعداد 28 ہوگئی، 203 زخمی
August 7, 2022 ویب ڈیسک

غزہ (92 نیوز) - اسرائیل نے دنیا کا امن پھر داؤ پر لگا دیا، دوسرے دن بھی اسرائیلی فوج کی غزہ پر وحشیانہ بمباری سے شہداء کی تعداد 28 تک پہنچ گئی۔ حملوں میں اب تک دو سو تین فلسطینی زخمی ہوچکے۔

غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ فضائی حملے دنیا میں ایک اور بحران کو جنم دینے کا واضح اشارہ دے رہے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے دو روز کے دوران 6 فلسطینی بچوں سمیت 28 افراد کو شہید اور 200 سے زائد افراد کو زخمی کر دیا لیکن عالمی برادری اب تک خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

اسرائیلی فورسز نے غزہ پٹی میں ایک مہاجر کیمپ کو نشانہ بنایا جس میں اب تک 28 افراد شہید ہو گئے ہیں۔ شہادت پانے والوں میں تحریک آزادی کے ایک اور سرکردہ رہنماء بھی شامل ہیں۔

اسرائیلی فوج نے اسلامی جہاد کی سینئر قیادت کو ختم کر دینے کا دعویٰ کرتے ہوئے غزہ پر ایک ہفتے تک فضائی حملے جاری رکھنے کی دھمکی بھی دے دی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ فلسطینی تحریک آزادی کے رہنما کمانڈر خالد منصور کی شہادت کی تصدیق نہیں ہو سکی جبکہ اسلامک جہاد نے اسرائیل کی طرف 400 کے قریب راکٹ فائر کئے۔ اسلامی جہاد نے کہا ہے جنگ تو ابھی شروع ہوئی ہے۔

سعودی عرب نے غزہ پر قابض اسرائیلی فوج کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے کشیدگی ختم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا کہا ہے۔