Sunday, September 8, 2024

اسرائیلی دہشت گردی، الشفا اسپتال محاصرے سے انتہائی نگہداشت وارڈ میں تمام مریض شہید

اسرائیلی دہشت گردی، الشفا اسپتال محاصرے سے انتہائی نگہداشت وارڈ میں تمام مریض شہید
November 18, 2023 ویب ڈیسک

غزہ (92 نیوز) - اسرائیل نے دہشت گردی اور بربریت کی ہر حد پار کردی، الشفاء اسپتال کے محاصرے اور طبی سہولیات نہ ہونے سے انتہائی نگہداشت وارڈ میں تمام مریض شہید ہو گئے۔

اسرائیلی دہشت گردی اور بربریت کے سبب ایک رات میں 22 مریضوں نے دم توڑا، قابض فورسز کی جانب سے طبی عملے پر بھی تشدد کیا گیا۔ غزہ کے آخری بچ جانے والے ابن سینا اسپتال کا بھی محاصرہ کرلیا، فوری خالی کرنے کا حکم دیدیا جبکہ اطراف میں بمباری سے 3 افراد شہید ہوگئے۔ انڈونیشین اسپتال میں کام پہلے ہی بند ہوچکا، سیکڑوں مریض موت کا انتظار کرنے لگے۔

صیہونی فورسز کی نصیرات اور جبالیہ کیمپوں پر تازہ بمباری میں 20 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے، معمرافراد کے طبی مرکز الوفا اسپتال پر حملے میں سینئر ڈاکٹر میدات کی جان چلی گئی۔ رفح میں دو فضائی حملوں میں سولہ افراد جام شہادت نوش کرگئے،  سیکڑوں پناہ گزینوں کی جائے پناہ الفلاح اسکول پر بھی بم گرا دیئے گئے، اسرائیلی دہشت گردی میں شہادتیں 12 ہزار سے تجاوز کر گئیں۔

اسرائیل نے اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت ہر ادارے اور ملک کی درخواستیں پاؤں تلے روند ڈالیں

طاقت کے نشے میں اسرائیل وحشی درندہ بن گیا،، اقوام متحدہ، او آئی سی سمیت ہر ادارے اور ملک کی درخواستیں پاؤں تلے روند دیں۔ اسپتالوں میں روتے بلکتے معصوم بچوں کی حالت زار ناقابل برداشت ہے، ہر طرف قیامت صغری کے مناظر ہیں، غرہ میں بڑا انسانی المیہ بن گیا، اسرائیلی فورسز نے فضائی حملہ کرکے غزہ کی تاریخی الزاویہ مارکیٹ  بھی تباہ کردی۔

ادھر حماس کے جوابی حملے میں صہیونی فوجی ہلاک جبکہ ٹینک  تباہ ہوگئے، حماس نے قابض فوجیوں کی لاشیں لے جانے کی ویڈیو بھی جاری کردی۔

جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش سمیت مزید 5 ممالک کا غزہ میں جنگی جرائم کی تحقیقات کیلئے عالمی عدالت سے رجوع

جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش سمیت مزید پانچ ممالک نے غزہ میں جنگی جرائم کی تحقیقات کیلئے عالمی عدالت سے رجوع کرلیا،  بولیویا، کوموروس اور جبوتی نے بھی حمایت کی۔ غزہ میں انسانی امداد کی رسائی کے لئے فوری جنگ بندی کی جائے۔

اقوام متحدہ کے عہدیداروں نے ایک بار پھر غزہ میں انسانی امداد کی فوری رسائی کا مطالبہ کردیا۔ مارٹن گریفتھس اور نتھالی بوکلی نے اسرائیل کے غیرانسانی سلوک کو تشویشناک قرار دے دیا۔

ادھر امیر  قطر نے امریکی صدر اور بحرین کے بادشاہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، غزہ  کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، فریقین نے فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔