Saturday, April 27, 2024

اسرائیل کی شام پر بمباری، زیارتوں کیلئے گئے ایک سو ساٹھ پاکستانی پھنس گئے

اسرائیل کی شام پر بمباری، زیارتوں کیلئے گئے ایک سو ساٹھ پاکستانی پھنس گئے
June 11, 2022 ویب ڈیسک

دمشق (92 نیوز) - فلسطینیوں پرظلم وستم کے پہاڑ ڈھانے والے اسرائیل نے شام پر بھی بمباری شروع کردی۔ زیارتوں کیلئے گئے ایک سو ساٹھ پاکستانی پھنس گئے۔

اسرائیلی میزائل حملوں سے دمشق ایئرپورٹ تباہ ہونے سے پروازیں معطل ہو گئیں، پھنسے پاکستانیوں نے سفارتخانے سے رابطہ کرلیا، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستانی سفارت خانہ کو محصور ہم وطنوں کی وطن واپسی یقینی بنانے کی ہدایت کردی، سفارتخانہ انتظامات کیلئے متحرک ہوگیا۔

شام کے دارالحکومت دمشق پر میزائل حملے سے ائیرپورٹ سمیت کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں، ایک شخص زخمی ہوگیا۔ شام نے بین الاقوامی پروازوں کو روک دیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے دارالحکومت دمشق میں ایئرپورٹ پر میزائل حملہ کیا ہے۔ حملے میں ایک شخص زخمی ہوا جب کہ رن وے اور ہوائی اڈے کی عمارت کو نقصان پہنچا۔ میزائل مقبوضہ گولان کی پہاڑوں سے داغے گئے۔

شام کے فضائی دفاعی نظام نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے کئی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا تاہم چند میزائل ہدف تک پہنچ گئے۔ شام کی وزارت ٹرانسپورٹ کے بیان کے مطابق اسرائیلی میزائل حملے سے ائیرپورٹ کا رن وے بری طرح تباہ ہوگیا ہے جس کے بعد ائیرپورٹ پر عالمی پروازوں کا سلسلہ منقطع کردیا گیا ہے۔

شام میں 2011 سے شروع ہونےوالی خانہ جنگی کےدوران اسرائیل اب تک شام پر سیکڑوں فضائی حملے کرچکا ہے لیکن ائیرپورٹ کو پہلی بارنشانہ بنایا ہے۔ شامی حکام کے مطابق رن وے کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔