اسلام آباد (92 نیوز) - وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے، چھ دہائیوں سے فلسطین میں مظالم ہورہے ہیں۔
اتوار کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حماس کا اسرائیل پر حملہ فلسطین میں مظالم کا نتیجہ تھا، اسرائیل عالمی قوانین کا احترام کرے۔ وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے مظلوم فلسطینیوں کی ہر طرح کی امداد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کی ایگزیکٹو کمیٹی کا فلسطین پر ہنگامی اجلاس 18 اکتوبر کو منعقد ہو رہا ہے، فلسطین کا مسئلہ ہمارے لیے انتہائی اہم ہے، اجلاس میں خود شرکت کروں گا۔
جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ وزیراعظم 17 سے 18 اکتوبر کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کریں گے، وہ یہ دورہ چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر کر رہے ہیں۔ نگران وزیراعظم چین کی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے، پاکستان اور چین کے مابین متعدد منصوبوں میں سرمایہ کاری اور تعاون پر یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔