Wednesday, May 8, 2024

اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کی منظوری کا فیصلہ حتمی قرار دیدیا

اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کی منظوری کا فیصلہ حتمی قرار دیدیا
February 26, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کی بحالی میں نیا موڑ آگیا، ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اپنے فیصلے پر قائم ہیں، پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کی منظوری کا فیصلہ حتمی قرار دیدیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس کل ہونے جا رہا ہے، 35 پی ٹی آئی ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن معطل ہوچکا ہے۔ ذرائع قومی اسمبلی کے مطابق اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے اپنے فیصلے سے ہٹنے سے انکار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تحریک انصاف کے جن ارکان کے استعفے منظور ہوچکے وہی فیصلہ حتمی ہے۔ 35 میں سے کسی بھی رکن کو کل کو ہونے والے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

حکام قومی اسمبلی نے متنبہ کیا ہے کہ مستعفی رکن نے ایوان میں آنے کی کوشش کی تو قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ لاہور ہائی کورٹ یا الیکشن کمیشن نے کسی پی ٹی آئی رکن کو بحال نہیں کیا۔

ذرائع قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے صرف ضمنی انتخابات کا اپنا نوٹیفیکیشن معطل کیا ہے۔ لاہور ہائی کورٹ نے بھی اسپیکر کے استعفے منظور کرنے کے فیصلے کو معطل نہیں کیا۔ الیکشن کمیشن نے بھی کسی بھی رکن کی رکنیت بحال نہیں کی، تحریک انصاف عدالتی فیصلے کی اپنی مرضی سے تشریح کررہی ہے۔