Saturday, May 4, 2024

اسپیکر کے پی کے اسمبلی مشتاق غنی کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کا فیصلہ محفوظ

اسپیکر کے پی کے اسمبلی مشتاق غنی کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس کا فیصلہ محفوظ
April 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - الیکشن کمیشن نے اسپیکر کے پی کے اسمبلی مشتاق غنی کے خلاف ضابطہ اخلاق کی خاف ورزی کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

الیکشن کمیشن میں اسپیکر کے پی کے اسمبلی کے خلاف ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ الیکشن کمیشن میں اسپیکر کے پی کے مشتاق غنی کے وکیل پیش ہوئے اور کہا کہ صدارتی آرڈیننس کے مطابق مشتاق غنی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں کی۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ کیا انتخابات میں ضابطہ اخلاق کسی قانون کے تحت نہیں ہے۔ وکیل نے کہا کہ صدارتی ریفرنس کو کسی نے چیلنج نہیں کیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ قانون میں ہے کہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ضابطہ اخلاق تشکیل دیا جائے۔ ایک سیاسی جماعت ضابطہ اخلاق کو نہیں مانتی۔ کل کو کوئی آرڈیننس جاری کر دے کہ اپوزیشن حصہ نہیں لے سکتی پھر کیا ہو گا۔ الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق چلے گا۔ الیکشن کمیشن نے اسپیکر کے پی کے مشتاق غنی ضابطہ اخلاق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

ادھر سابق وزیر اعظم عمران خان اور اسد عمر کے خلاف ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس کی سماعت 26 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔ شاہ محمود قریشی، وزیر اعلی محمود خان کے خلاف ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس کی سماعت 22 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔