لاہور (92 نیوز) - اسموگ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر پنجاب حکومت نے ایک ہفتے کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیدیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور مسلسل اسموگ کی لپیٹ میں ہے، فضا انتہائی آلودہ ہو گئی، محکمہ صحت پنجاب نے ایک ہفتے کے لیے ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا، دوسری جانب شہریوں کی غیرسنجیدگی بھی عروج پر ہے جو ایس او پیز کو مسلسل نظر انداز کر رہے ہیں۔
باغوں کے شہر لاہور کی فضا اتوار کے روز بھی انتہائی مضرصحت، آلودہ ترین شہروں میں پھر پہلا نمبر، شہر کا ایئرکوالٹی انڈیکس 406 تک جا پہنچا،351 اے کیو آئی کے ساتھ بھارت کا شہر دہلی دوسرے نمبر پر ہے۔
ایک طرف فضائی آلودگی کا گراف مسلسل اوپر جارہا تو دوسری جانب شہریوں کی جانب سے ایس او پیز نظرانداز کیے جا رہے ہیں، حکومت پنجاب نے اسموگ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر ایک ہفتے کے لیے ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا ہے، محکمہ صحت نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ماسک پہننے کی پابندی زیادہ ایئر کوالٹی انڈیکس والے اضلاع کے لیے ہے،جس میں لاہور، شیخوپورہ، قصور، ننکانہ صاحب شامل ہیں، گوجرانولہ، گجرات، نارووال، منڈی بہاؤالدین ، سیالکوٹ اور حافظ آباد کے باسیوں پر بھی نوٹیفکیشن کا اطلاق ہو گا، شہریوں کو 20 سے 26 نومبر تک ماسک پہننے کا پابند کیا گیا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق اسموگ کے باعث شہری آنکھ،ناک، گلے اور جلد کی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں، ان امراض سے ایس او پیز پر عمل درآمد کر کے ہی بچا جا سکتا ہے۔