Saturday, September 21, 2024

اسموگ کی بگڑتی صورتحال، لاہور کے تمام اسکولز تین دن بند رکھنے کا اعلان

اسموگ کی بگڑتی صورتحال، لاہور کے تمام اسکولز تین دن بند رکھنے کا اعلان
December 7, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - اسموگ کی بگڑتی صورتحال پر لاہور کے تمام اسکولز تین دن بند رکھنے کا اعلان ہو گیا۔

صوبائی دارلحکومت لاہور میں تاحکم ثانی جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو اسکول بند رہینگے۔ لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر محکمہ اسکولز ایجوکیشن نے اسکولوں کی بندش کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ احکامات کا اطلاق صرف لاہور کے سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں پر ہو گا۔ پنجاب حکومت نے چھٹیوں کا نوٹیفکیشن ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا۔

گزشتہ سماعت پر لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کی شدت کے پیش نظر ہفتے میں تین روز اسکول بند رکھنے کا حکم دیا تھا۔ اسموگ اور فضائی آلودگی میں مسلسل اضافے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں بھی قرارداد جمع کروا دی گئی۔

ادھر اسموگ کے پیش نظر سٹی ٹریفک پولیس کا بغیر فٹنس سڑٹیفکیٹ گاڑیوں کےخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے 2 ہزار روپے کے چالان کئے جا رہے ہیں۔ گزشتہ روز ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 890 چالان کئے گئے۔ سی ٹی او ڈاکٹر اسد ملہی کہتے ہیں رات کے وقت بھی چیکنگ کیلئے 10 ٹیمیں شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر کارروائیاں کر رہی ہیں۔

ادھر طبی ماہرین کہتے ہیں اسموگ کے پیش نظر شہری ماسک کے استعمال کو یقینی بنائیں۔