اسمبلیاں توڑنے کا فیصلہ کرلیا تو پھر بیس دسمبر کا انتظار کیوں، رانا ثناء اللہ
اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے عمران خان کو نشانے پر رکھ لیا اور بولے اسمبلیاں توڑنے کا فیصلہ کر لیا تو پھر بیس دسمبر کا انتظار کیوں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا اسمبلیاں توڑنے پر ہم نگران حکومت بنا کر صوبوں میں الیکشن کرانے کیلئے تیار ہیں۔ اگر کرپٹ سسٹم سے نکل رہے ہو تو سینیٹ اور آزاد کشمیر سے بھی باہر ہو جاؤ۔ پارلیمنٹ لاجز بھی خالی کریں۔ سسٹم تمہیں منتخب کرے تو ٹھیک نہ کرے تو غلط ۔ اس شخص کا بنیادی ایجنڈا افراتفری اور ملکی انتشار ہے۔ یہ الیکشن ہار کر دوبارہ شور مچا دے گا۔
رانا ثناء مزید بولے عمران خان کی کوشش ہے ایسے حالات پیدا کئے جائیں کہ ملک میں عدم استحکام ہو اور معیشت نہ چل سکے۔ بےشرمی کی انتہا ہے کہ جلسوں میں ناکامی پر شرمندگی اور معذرت کی بجائے اسمبلیاں توڑنے کا شوشہ چھوڑ دیا۔ الیکشن کی صورتحال سامنے آئی تو جنرل الیکشن نہیں صرف ان ہی دو اسمبلیوں میں انتخابات ہوں گے۔ عام انتخابات تاخیر کا شکار بھی ہو سکتے ہیں۔ الیکشن مہم میں نوازشریف میسر ہوں گے۔