Friday, April 26, 2024

اسمبلی نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے وزیراعظم کو گھر بھیجا، مرتضی وہاب

اسمبلی نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے وزیراعظم کو گھر بھیجا، مرتضی وہاب
April 10, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب کا کہنا ہے اسمبلی نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے وزیراعظم کو گھر بھیجا۔

مرتضی وہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کپتان اور ان کے سپورٹر آئین پاکستان کے بجائے آئین عمران پر یقین رکھتے ہیں۔ تاریخ رقم ہوئی کہ اسمبلی نے آئینی اختیار استعمال کرتےہوئے وزیراعظم کو گھر بھیجا۔ وزیراعظم سندھ کے معاملات میں دلچسپی نہیں لیتے تھے۔

 مرتضی وہاب کا کہنا تھا اہلیان پاکستان کو جمہوریت پسندوں کی جانب سے پرانا پاکستان مبارک ہو۔ ضلع وسطی کی خستہ حال سڑکوں کی تعمیر شروع کی جارہی ہے۔ بلاول بھٹو کی خصوصی ہدایت پر کراچی میں سڑکوں کی تعمیر کے فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔ راشد منہاس روڈ سے متصل دو رویہ شاہراہ کی تعمیر کے ساتھ ڈرینج نالہ بھی تعمیر ہو گا۔ رواں مالی سال کے اختتام تک پانچ کلو میٹر دو رویہ سڑک تعمیر ہو گی۔ انہوں نے کہا کراچی ضلع وسطی کی شاہراہ نورجہاں کی تعمیر کی اسکیم کی تعمیر بھی شروع کر رہے ہیں۔ ضلع وسطی اور غربی کو ملانے والی شاہراہ نورجہاں کی تعمیر پر ایک ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ محسن بھوپالی انڈرپاس کی 16 سال بعد تعمیرومرمت شروع کی گئی ہے۔

مرتضی وہاب بولے پیپلزپارٹی نے چھ ماہ پہلے جو وعدہ کیا تھا وہ پورا ہونا شروع ہوا ہے۔ ضلع وسطی میں چھوٹے بڑے 100 پارکس کو ازسرنو بحال کرکے کھولا جا رہا ہے۔ اختیارات کا رونا رونے کے بجائے دستیاب وسائل میں بہتری کا سفر شروع کیا۔