اسلامی نظام کا نفاذ ہی تمام مسائل کا حل ہے، سراج الحق

خانپور (92 نیوز) - جماعت اسلامی کی جانب سے مہنگائی کے خلاف شروع کیا جانے والا ٹرین مارچ رحیم یار خان سے خانپور پہنچ گیا۔
ہفتہ کو ٹرین مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ٹرین مارچ کا مقصد 22 کروڑ عوام کو مہنگائی کی آگ سے بچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں مزید مہنگائی اور کرپشن برداشت نہیں کر سکتے، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم نے پاکستان کو غلام بنا دیا ہے، ہم سود پر مبنی نظام کو قبول نہیں کرتے۔
سراج الحق نے کہا کہ ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہی تمام مسائل کا واحد حل ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکمرانوں کو گریبان سے پکڑنے کا وقت آگیا ہے، ہم ان لوگوں کو جیلوں میں ڈالیں گے جنہوں نے آپ کی روزی روٹی چھین لی ہے۔
انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ انصاف پر مبنی نظام کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے قومی خود مختاری، وقار اور مستقبل بیچ دیا ہے۔