Friday, April 19, 2024

اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو کا 69 واں یوم پیدائش

اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو کا 69 واں یوم پیدائش
June 21, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - پاکستان کی واحد خاتون وزیراعظم دختر مشرق بےنظیر بھٹو کی 69 ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے۔

بے نظیر بھٹو شہید 21 جون 1953 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ 1988 میں پہلی بار اور 1993 میں دوسری بار وزیراعظم منتخب ہوئیں۔ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کیلئے طویل جدوجہد کی۔غریب کی جھونپڑی ہو یا موسم و حالات کی سختیاں یا پھر آمریت کے ستم بےنظیر عزم کی مالک اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم کے قدم کبھی نہ لڑکھڑائے۔ بھٹو خاندان کو وطن عزیز میں یہ  نمایاں مقام حاصل ہے کہ سیاست کو سردار اور جاگیردار کی اوطاق سے نکال کر عوام کو حق حاکمیت دیا۔

ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا تو بےنظیر بھٹو نے نہ صرف پارٹی کو سنبھالا بلکہ خاندان کو بھی جوڑے رکھا لیکن اس بڑے سانحے کے باوجود عوامی طاقت کو ریاست کےخلاف نہیں کیا۔

پاکستان کی کم عمر ترین وزیراعظم بننے کا اعزاز ملا تو میدان سیاست کے بڑے بڑے تجربے کاروں کو حیران کر دیا اور سماجی انصاف کی فراہمی کا مشن جاری رکھا۔

بےنظیر بھٹو کے ویژن اور جدوجہد کا اک زمانہ معترف ہے۔ بدترین مخالف بھی مانتے ہیں کہ  بےنظیر بھٹو جیسی شخصیات ہی دراصل نایاب ہیں۔

بے نظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی میں شہید کیا گیا۔