Saturday, May 18, 2024

اسلام آباد لڑکا لڑکی تشدد کیس، متاثرہ لڑکی کا عثمان مرزا سمیت ملزموں کو پہچاننے سے انکار

اسلام آباد لڑکا لڑکی تشدد کیس، متاثرہ لڑکی کا عثمان مرزا سمیت ملزموں کو پہچاننے سے انکار
January 11, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) لڑکی اور لڑکے کو برہنہ کرکے تشدد کے کیس میں نیا موڑ آ گیا۔ متاثرہ لڑکی نے عثمان مرزا سمیت ملزموں کو پہچاننے سے انکار کر دیا۔

انصاف ایک بار پھر طاقتور کی دہلیز پر سرنگوں ہوتا نظر آنے لگا۔ مظلوم کی عزت نیلام کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لانا مشکل ہو گیا۔ اسلام آباد لڑکا لڑکی تشدد کیس میں طاقتور کی پھر جیت ہونے لگی۔ دباؤ کا شکار یا کسی اور مجبوری کے پیش نظر متاثرہ لڑکی مقامی عدالت میں نہ صرف اپنے بیان سے مکر گئی، متاثرہ لڑکی نے تشدد کرنے والے ملزموں کو پہنچانے سے بھی انکار کر دیا۔

گھناؤنی واردات کے بعد ہی ملزم خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا رہا جس کا وہ برملا اظہار کرتا رہا۔ مرکزی ملزم عثمان مرزا عدالت میں پیشی کے موقع پر بھی مافیا ڈان ہی بنا رہا۔

کیا ایک مرتبہ پھر پیسہ جیت گیا اور انصاف ہار گیا۔ متاثرہ لڑکی کی جانب سے کیس کی پیروی نہ کرنے کی استدعا کے بعد سوالات اور خدشات جنم لینے لگے۔