Saturday, April 20, 2024

اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش کے ساتھ سردی کی آمد

اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش کے ساتھ سردی کی آمد
October 12, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - لاہور، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش کے ساتھ سردی کی آمد شروع ہو گئی۔

باغوں کے شہر لاہور میں ٹھنڈی ہواوں کے ساتھ بارش نے سردی کی آمد کی نوید سنا دی۔ شہر کے مختلف مقامات پر کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی ۔ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ شہر میں سب سے زیادہ بارش جوہر ٹاؤن اور لکشمی چوک میں 6 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔ گلشن راوی میں 5، اپر مال، مغل پورہ اور اندرون شہر میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ادھر ملکوال شہر اور گردونواح میں بھی بادل برسے ۔ بارش کے ساتھ ہی متعدد فیڈرز کی بجلی معطل ہو گئی۔ نارووال شہر اور گردونواح میں گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش سے موسم سرد ہو گیا۔ مریدکے اور کامونکی میں بھی گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔ بارش سے موسم ٹھنڈا ہوا تو ساتھ ہی کئی علاقوں کی بجلی بھی معطل  ہوگئی۔

گوجرانوالہ شہر کی فضاوں پر بھی کالی گھٹاوں کا راج  برقرار رہا۔ تیز اندھی کے ساتھ بارش  سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ گجرات اور سیالکوٹ میں بھی سرد موسم کی انٹری ہو گئی۔ گجرات میں  بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جس سے گرمی کی چھٹی  ہوئی اور موسم سرد ہو گیا۔