Saturday, April 27, 2024

اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں بارش، ندی نالوں میں طغیانی

اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں بارش، ندی نالوں میں طغیانی
June 21, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں بارش جاری ہے،جڑواں شہروں کے ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔

لاہور میں مسلسل دوسرے بارش جاری ہے، کئی نشیبی علاقے ڈوب گئے، انتظامیہ کی نااہلی اور پانی کی نکاسی نہ ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تاہم پری مون سون کے سپیل نے گرمی کی چھٹی کرادی ہے۔

گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، اوکاڑہ اور قصور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، سڑکیں ڈوب گئیں، چھتیں گرنے کے واقعات بھی ہوئے۔

گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور گردونواح میں بارش سے گرمی کا زورٹوٹ گیا، گجرات شہر اور گردونواح میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ کرتار پور میں بارش نے شہریوں پر سحر طاری کردیا۔

نارووال شہر گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش سے گرمی کی شدت میں واضح کمی ہوگئی، علی پور چٹھہ شہر اور مضافات میں بارش سے گرمی کازورٹوٹ گیا۔ پاکپتن اورنواحی علاقوں میں بھی بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔

اوکاڑہ اور نواحی علاقوں میں بھی بارش ہوئی اورنشیبی علاقوں میں پانی کھڑاہوگیا، الہ آباد، کنگن پوراور گردونواح میں بارش سے گلی محلے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔

بارش کا پانی چونیاں روڈ کوٹ میواتی قبرستان میں میں داخل ہوگیا جس سے درجنوں قبریں بیٹھ گئیں۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے نکاسی کا کوئی انتظام نہیں کیا۔

رینالہ خورد کے گاؤں سکس ون اے ایل میں بارش کے باعث دیوار گر گئی 60 سالہ رشید موقع پر ہی جاں بحِق ہوگیا۔ قصورکی گلبرگ کالونی میں خستہ حال مکان کی چھت گرگئی، پانچ بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

اوکاڑہ اور قصور 28، گوجرانولہ، گجرات20، کرتاپور، ناروال میں15 اور سیالکوٹ 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔