Saturday, April 20, 2024

اسلام آباد پر چڑھائی کرکے دکھاؤ، میرا بھی تم سے وعدہ ہے، رانا ثنا اللہ کا عمران خان کو چیلنج

اسلام آباد پر چڑھائی کرکے دکھاؤ، میرا بھی تم سے وعدہ ہے، رانا ثنا اللہ کا عمران خان کو چیلنج
October 4, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا اسلام آباد پر چڑھائی کرکے دکھاؤ، میرا بھی تم سے وعدہ ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان کی زیر صدارت اجلاس میں میں پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ اور دھرنے کو روکنے سے متعلق حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی گئی۔ سکیورٹی ایجنسیز نے بریفنگ میں بتایا کہ لانگ مارچ شرکاء کی تعداد 15سے 20 ہزار کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔ فیصلہ کیا گیا کہ مارچ کے دوران امن وامان یقینی بنانے کیلئے اسلام آباد پولیس سمیت سندھ پولیس، رینجراور ایف سی کی 30 ہزار نفری کا بندوبست کیا جائے گا۔

ممکنہ لانگ مارچ کے دوران ریڈ زون میں واقع سرکاری عمارتوں اور ڈپلومیٹک انکلیو کی سکیورٹی پاک فوج کے حوالے کی جائے گی ۔ پاک فوج دارلحکومت اسلام آباد میں آئین پاکستان کے آرٹیکل 245 کے تحت تعینات ہو گی۔ آتشیں اسلحہ ساتھ رکھنے پر پابندی کے ساتھ ساتھ لانگ مارچ کو لاجسٹک اور مالی معاونت فراہم کرنے والے افراد اور تنظیموں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔

وزیر داخلہ نے شرکا کو واضح ہدایات دیں کہ لانگ مارچ کے دوران اسلام آباد کے شہریوں کی نقل وحمل کی آزادی، اسپتالوں اور سکولوں کو فعال رکھا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے ٹوئٹ میں پی ٹی آئی کی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تم آو تو سہی؛ چھپ کر نہ بھیٹھ جانا،  اسلام آباد پر چڑھائی کر کے دکھاؤ۔ میرا بھی تم سے وعدہ ہے۔