Saturday, May 4, 2024

اسلام آباد میں خودکش دھماکہ، ایک پولیس اہلکار شہید، خاتون سمیت دو حملہ آور ہلاک

اسلام آباد میں خودکش دھماکہ، ایک پولیس اہلکار شہید، خاتون سمیت دو حملہ آور ہلاک
December 23, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خود کش دھماکہ میں پولیس اہلکار شہید جبکہ خاتون سمیت دو حملہ آور ہلاک اور پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔

اسلام آباد پولیس کے جوانوں نے جرات وبہادری سے وفاقی دارالحکومت کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 فور میں پولیس نے ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو گاڑی میں موجود خود کش حملہ آورنے خود کودھماکے سے اڑالیا۔

دھماکہ اس قدرشدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے سے ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین شہید ہوگئے، گاڑی میں موجود خاتون سمیت خودکش حملہ آور ہلاک ہوگیا۔ حملے میں پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس نے دھماکے سے متعلق ابتدائی تحقیقات مکمل کر لیں۔ تباہ ہونے والی گاڑی کا ملبہ بھی سڑک سے اٹھا لیا گیا جبکہ پمز اسپتال میں لائی گئیں دونوں ڈیڈ باڈیز کا پوسٹ مارٹم بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔

دھماکے میں شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی نماز جنازہ میں قائم مقام آئی جی اسلام آباد حسن رضا خان ۔ ڈی آئی جی آپریشنز، ڈی سی اسلام آباد، رینجرز حکام سمیت پولیس جوانوں نے شرکت کی۔

دوسری جانب وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ شہیدعدیل حسین کو شہدا پیکج دیا جائے گا۔ انھوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اور جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔

دھماکے بعد جڑواں شہروں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔اسلحہ لے کر چلنے کی کسی صورت اجازت نہیں ہوگی۔